بھٹکل:21؍ مارچ (ایس اؤ نیوز ) بی جےپی کی طرف سے طئے شدہ تواریخ کے مطابق ریاست کے شمال، جنوب ، مشرق ، مغرب کی طرف سے وجئے سنکلپ یاتراؤں کے ذریعے عوام تک پہنچنےکی کوششیں جاری ہیں۔ چونکہ ریاست میں ودھان سبھا انتخابات قریب ہیں تو عوام کو رجھانے کےلئےوجئے سنکلپ یاترائیں ہورہی ہیں جس کے ذریعے بی جےپی کے لیڈران پارٹی کی کارکردگی اور حکومتی سطح پر کئے گئے کاموں کا تذکرہ کرتےہوئے دوبارہ اقتدار پر لوٹانےکی اپیل کررہےہیں۔اترکنڑا ضلع میں انکولہ، کاروار، بھٹکل ، کمٹہ ، یلاپور ،ہلیال تعلقہ جات میں وجئے سنکلپ یاترائیں نکلیں جہاں بی جےپی کے لیڈران نے اپنے اپنے خیالات اظہار کرتے ہوئے کانگریس کا دوبارہ اقتدارپر آنا ناممکن قرار دیا۔
انکولہ :انکولہ شہر میں اجی کٹا کراس سے شروع ہوئی سنکلپ یاترا میں سیکڑوں لوگ شریک تھے۔ اہم راستوں سے گزرتےہوئے یاترا اجلاس میں منتقل ہوئی ۔ ریلی کے دوران بائک ، آٹو رکشا ،دیہی ڈانس وغیرہ رونق بخش رہےتھے۔ یاترامیں شرکت کرتےہوئے ریاستی وزیر مرگیش نیرانی نے نریندر مودی کی لیڈرشپ کو قوت دینے کےلئے بی جےپی حکومت کی طرف سے کئے گئے کاموں کو جاری رکھنے کےلئے دوبارہ بی جے پی کو حکومت میں لانے کی عوام سے اپیل کی۔ انہوں نے نے ساحلی پٹی بی جےپی کے لئے ماں کی گود کی مانند ہے، بی جےپی کےجیت کی شروعات یہیں سے ہوئی ہے۔ اس مرتبہ ضلع کے ہر حلقہ سے بی جےپی کو زبردست جیت دلانے کی مانگ کی۔ رکن اسمبلی روپالی نائک کی ستائش کرتےہوئے کہاکہ سب سے زیادہ اپنےحلقہ کے لئے امدادحاصل کرنےو الی رکن اسمبلی روپالی نائک ہے۔
ضلع نگراں کاروزیر کوٹا شری نواس پجاری نے نے 75برس اقتدار پر رہنے والی کانگریس گھر گھر جا کر کہہ رہی ہے کہ بجلی وغیرہ مفت میں دینے کی بات کہتےہوئے گیارنٹی کارڈ تقسیم کررہی ہے۔ جب اس کی کوئی گیارنٹی نہیں ہے ۔ ہماری طرف سے کسانوں کے اکاؤنٹ میں جمع ہونے والے 10ہزار روپئے ہی گیارنٹی ہونےکی بات کہی۔ رکن اسمبلی روپالی نائک نے بھی اپنے خیالات کااظہارکیا۔ اس موقع پر بی جے پی لیڈران موجود تھے۔
کمٹہ: شہر کے اہم راستوں سے وجئے سنکلپ یاترا گزرتے ہوئے گبس ہائی اسکول میدان پہنچی ۔ یہاں ضلع نگراں کاروزیر کوٹا شری نواس پجاری نے بی جےپی کارکنان سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ بھارت جوڑو یاترا کرنےوالے راہول گاندھی نے ہی بھارت کے ٹکڑے کرنے کا الزام لگایا۔ کشمیر، رام مندر اور طلاق ثلاثہ جیسے قوانین کو نافذ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بھارت کو مزید قوت بخشنے کی بات کہی۔ رکن اسمبلی دنیکر شٹی نے بھی اپنے خیالات کااظہارکیا۔ اس موقع پر بی جےپی کے ضلعی و مقامی لیڈران موجود تھے۔
ہلیال : شہر کے گرام دیوی میدان میں منعقدہ وجئے سنکلپ یاترا میں شرکت کرتےہوئے سابق نائب وزیر اعلیٰ لکشمن سودی نے کہاکہ اگر مرکزاور ریاست میں دوبارہ بی جےپی کو اقتدار پر لانا ہے تو پارٹی کارکنوں کے لئے ضروری ہےوہ ہر دن ایک گھنٹہ پارٹی کےلئے کام کرے۔ ہرایک کارکن کی محنت درکارہے۔ اسی طرح حکومتوں کے فلاحی کاموں کو عوام تک پہنچانے کی اپیل کی۔ سابق رکن اسمبلی سنیل ہیگڈے نے کہاکہ کانگریس اپنی وارنٹی کھو چکی ہے اب عوام کانگریس کے گیارنٹی کارڈ پر اعتماد نہیں کرنے کی بات کہی۔ گذشتہ 35برسوں سے یہاں رکن اسمبلی رہنے والی دیش پانڈے نے کوئی صنعت کا قیام نہیں کیا ہے اور یہاں کی بے روزگار ی کو دور کرنےمیں کوئی کام نہیں کرنےکا سنیل ہیگڈے نے الزام لگایا۔ ضلعی صدر سمیت کئی لیڈران اس موقع پر موجود تھے۔
یلاپور:شہر کے امبیڈکر سرکل پر وجئے سنکلپ یاترا سےخطاب کرتےہوئے ریاستی وزیر مرگیش نیرانی نے کہاکہ ریاست کے سبھی ارکان اسمبلی اور وزراء میں اپنے حلقہ کی سب سے زیادہ فکر کرنےو الے ، کسانوں کی حمایت کرنےوالے کوئی ہیں وہ آپ کے رکن اسمبلی شیورام ہیبار ہونےکی بات کہی۔ ریاست کی ترقی میں وزیر اعلیٰ بسوراج بومائی کی قیادت کا اہم رول ہونےکی بات کہی۔ مشکل حالات میں بھی ہماری حکومت نے ترقی کےلئے کام کرنےکی بات کہی۔
وجئے سنکلپ یاترا میں ہزاروں لوگ شریک تھے۔ ریلی میں سدی طبقے کا مشہور رقص ، ڈھول وغیرہ شامل تھے۔ بی جےپی سنئیر لیڈر پرمود نایک، ضلعی صدر وینکٹیش نائک سمیت کئی لیڈران نے اپنے خیالات کا اظہارکیا۔ مقامی لیڈران موجود تھے۔

بھٹکل:بھٹکل بائی پاس سےریاستی بی جےپی صدر نلین کمار کٹیل کی قیادت میں وجئے سنکلپ یاترا کی شروعا ت ہوئی۔ شاہراہ سے گزرتےہوئے شمس الدین سرکل پہنچی۔ریلی کےدوران دیہی رقص، ڈھول باجے نے ریلی کو رونق بخشی ۔ شمس الدین سرکل پر بی جےپی صدر نلین کمار کٹیل نے کارکنان سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ جس طرح میگھالیہ ، تریپورہ اور ناگالینڈ میں بی جےپی کی این ڈی اے حکومت بنی ہے اسی طرح بھٹکل میں دوبارہ کمل کھلے گا، پھر ایک بار ڈبل انجن حکومت ہوگی۔ انہوں نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئےکہاکہ اب کانگریس عوام کے دلوں سےنکل چکی ہے اس کو کوئی جگہ نہیں مل پارہی ہے ایسے میں اس کا گیارنٹی کارڈ کوئی کام کرنے والا نہیں ہے، عملی طورپر کانگریس پوری طرح ختم ہوجانے کی بات کہی۔ انہوں نے بی جےپی کی قیادت والی حکومت کی کارکردگی کو بیان کرتےہوئے کہاکہ پوری ریاست ترقی کی راہ پر ہے، اترکنڑا ضلع کےلئے سوپر اسپیشالٹی اسپتال، میڈیکل کالج ،انجنئیرنگ کالج اور ہوائی اڈہ دینے اور اس کو عملی طورپر نافذ کرنےکی بات کہی۔ نلین کمار نے کہاکہ ہماری حکومت طلبا، مزدور، غریبوں کے لئے طبی امداد فراہم کی ہے۔اس موقع پر انہوں نے رکن اسمبلی سنیل نائک کی ستائش کرتےہوئے کہاکہ ہزاروں کروڑ روپیوں کی امداد سے بھٹکل ہوناور حلقہ کو ترقی کی راہ پر ڈالا ہے۔ میں دوبارہ آپ سے اپیل کرتاہوں کہ دوبارہ بھٹکل حلقہ میں آپ بی جےپی کو جیت دلائیں گے۔ مغربی گھاٹ تحفظ بورڈ کے صدر گوندا نائک، رکن اسمبلی سنیل نائک، ضلع نگراں کاروزیر کوٹا شری نواس پجاری سمیت کئی مقامی لیڈران وغیرہ موجود تھے۔